''امریکا نے ڈومورکا مطالبہ نہیں کیا، دہشتگردی ختم کرنا چاہتے ہیں''

''امریکا نے ڈومورکا مطالبہ نہیں کیا، دہشتگردی ختم کرنا چاہتے ہیں'' فائل فوٹو

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے امریکا نے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے مفاد میں کر رہا ہے۔ ملک سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آرمی چیف کے دورے سے امریکا کے ساتھ فوجی تعلقات میں بہتری آئے گی۔

میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف پہلے ہی بہت کچھ کیا اور اپنے مفاد میں کر رہا ہے۔ شدت پسندگروپوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں کامیابی ہوئی ہے۔ آرمی چیف کے دورے میں امریکا کی جانب سے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کی واشنگٹن میں فوجی اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں خطے کی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاکستان کے بارے میں امریکی حکام کی سوچ میں بہتری آئی ہے۔ میجرجنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ فوجی حکام کے ساتھ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیوں سمیت سرحدی معاملات بھی زیر غور آئے اس کے علاوہ افغانستان کے حوالے سے بھی مثبت سوچ بھی پائی جا رہی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ،امریکی آرمی چیف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں جس کے دوران سیاسی قیادت کو بھی مختلف معاملات پر پاکستانی موقف کو بہتر طریقے سے سمجھنے کا موقع ملا ہے۔

install suchtv android app on google app store