اسلام آباد میں تکریم شہداء کانفرنس کا انعقاد

تکریم شہداء کانفرنس علامہ افتخار نقوی خطاب کررہے ہیں۔ سچ نیوز تکریم شہداء کانفرنس علامہ افتخار نقوی خطاب کررہے ہیں۔

سچ میڈیا گروپ کے زیراہتمام اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں تکریم شہداء کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ،پاکستان میں ایرانی و فلسطینی سفرا امیری رضا مقدم، نادر ترک ' سابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی، پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نیّر حسین بخاری ،پیر صابر شاہ، پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی ،علامہ عارف حسین واحدی ، مخدوم زادہ سید آفتاب حیدر، شہزاد آغا، پیر سید محمد نجف علی بخاری ، مجید میشکی، عبد اللہ گل، پلوشہ خان، قاضی شفیق، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما میر طاہر مسعود، شیخ عبدالمتین و دیگر نے شرکت کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ  شہداء کربلا کا خون اسلام کی بقا کا ضامن ہے، جبکہ آج غزہ میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور کوئی صہیونی اسرائیل کی بے لگام دہشت گردی کو لگام دینے والا نہیں ہے، افسوس اس  بات کا ہے کہ  مسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی بربرہت کو روکنے کے حوالے سے ان کا جو کردار بنتا ہے وہ ادا کرنے سے قاصر ہیں،جس کا اللہ کے ہاں انہیں جواب دہ ہونا پڑے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو متحد ہونا پڑے گا،اور بحثیت مسلمان اہل غزہ کے حق میں آواز بلند کرنا کم سے کم ایمانی تقاضا ہے۔

مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار  غزہ کی موجودہ تباہ کن صورتحال پر کیوں خاموش ہیں؟  ان سفاکوں کو غزہ کے بے گناہ مردو خواتین' بچوں اور برزگوں کا خون نظر نہیں آتا، یہی وجہ ہے کہ وہ خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ  مغرب کا دہرا معیار عیاں ہو چکا ہے، مسجد اقصی، قبلہ اول سے ہمارا رشتہ ختم نہیں بلکہ ہمیشہ قائم و دائم رہیگا، مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان تنازعات کا حل انتہائی ناگزیر ہے،تاکہ دونوں مقامات پر رہنے والے مظلوم بھی آزاد فضاوں میں سانس لے سکیں۔

مقررین نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے یہ ظلم اب بند ہونا چاہیے، مقررین کا کہنا تھا کہ اہل پاکستان فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ  کھڑے ہیں، اور امسال جمعتہ الوداع کو یوم القدس اور یوم کشمیر کے بطور بھرپور طریقے سے مناکر ظالم اور جابر قوتوں کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ اہل پاکستان کشمیری اور فلسطینی عوام کو بھولے نہیں ہیں۔بلکہ وہ آزادی کے حصول تک ان کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یوم تکریم شہدا کانفرنس میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں کی تنظیم یونائٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن  "یکجا" کے نمائندہ وفود نے بھی میر طاہر مسعود، شیخ عبدالمتین اور عبدالطیف ڈار کی سربراہی میں شرکت کی۔ جبکہ کانفرنس میں اسلام آباد راولپنڈی میں مقیم صحافیوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

install suchtv android app on google app store