حکومت پاکستان شانگلہ میں دہشت گردی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے: دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ فائل فوٹو ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بشام کے قریب شانگلہ کے مقام پر دہشت گردانہ حملے جیسے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے جس میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوگئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے اور ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے،اس طرح کی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی، ہم ایسی تمام قوتوں کے خلاف پوری عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔

پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے چینی دوستوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور حملے میں ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، اور پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

install suchtv android app on google app store