عام انتخابات: وفاقی کابینہ نے سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی

پاک فوج فائل فوٹو پاک فوج

وفاقی کابینہ نے عام انتخابات 2024 کی سیکیورٹی کے لیے فوج کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے، سول آرمڈ فورسز حساس حلقوں میں بطور کوئیک ریسپانس فورس ڈیوٹی دےگی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے عام انتخابات میں سکیورٹی فراہمی کے لیے پاک فوج کی خدمات کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھجوائی تھی۔

کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری منظور کرلی ہے، اس کے تحت 2 لاکھ 77 ہزار پاک فوج کے افسران و اہلکار الیکشن میں تعینات ہوں گے، اس کے ساتھ رینجرز اور ایف سی اہلکار عام انتخابات میں تعینات ہوں گے جوکہ کوئیک ریسپانس فورس کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

خیال رہے کہ دسمبر کے اوائل میں عام انتخابات کے دوران فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھا تھا۔

6 دسمبر کو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ عام انتخابات کے لیے جن سیاستدانوں نے سیکیورٹی مسائل پر بات کی ہے، انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ آیا تو غور کریں گے۔

28 دسمبر کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو ہونا ہے جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں، الیکشن کمیشن نے تمام بلدیاتی محکموں کے فنڈز بھی منجمد کردیے ہیں۔

install suchtv android app on google app store