خاور مانیکا کے الزامات پر عمران خان کا ردعمل سامنے آگیا

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان نے خاور مانیکا کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے بشریٰ بی بی کی شکل دیکھی ہی تب تھی جس دن نکاح کیا تھا، بچوں کو اپنی والدہ کے خلاف بیان دینے کا کہا جا رہا ہے۔

اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے بعد کمرہ عدالت میں موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھ سے نہ کوئی ملا نہ مذاکرات کئے، طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑا تو بھی مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا میں تو جان دینے کو تیار ہوں۔

سابق چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جو بشری بی بی کیساتھ کیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی، جو انہوں نے بشریٰ بی بی کے سابقہ خاوند کے ذریعے کرایا اور جھوٹا الزام لگایا ہے ، یہ انتہائی اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں، میں قسم اٹھانے اور قرآن پر ہاتھ رکھنے کیلئے تیار ہوں بشری کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑے جانے سے متعلق سوال پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا چند سیاسی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے پر شکر ادا کرتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا مجھ سے کسی نے مذاکرات نہیں کیے، لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا مجھے جس طرح پکڑا گیا، سب ایک پلان تھا، نواز شریف لندن پلان کے بعد پاکستان آئے، جیل میں کسی مشکل میں نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں۔

خیال رہے کہ سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

install suchtv android app on google app store