جلاؤ گھیراؤ کیس: ڈاکٹر یاسمین راشد 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ڈاکٹر یاسمین راشد فائل فوٹو ڈاکٹر یاسمین راشد

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ڈاکٹر یاسمین راشد کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

جلاؤ گھیراؤ کرنے اور شیرپاؤ پل پر انتشار انگیز تقاریر کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کردیا، جہاں عدالت نے ان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

جج عبہر گل خان نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقدمے میں بغاوت، جنگ چھیڑنے اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دعات شامل کردی گئی ہیں۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ نئے الزامات کی تحقیقات کے لیے ڈاکٹر یاسمین راشد کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا 5 پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور 14 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ تھانہ سرور روڑ پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔

دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان میں درج جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار 6 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد گرفتار 6 ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا، تاہم عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 6 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ ملزمان میں ارباز ،عبد الحفیظ ،فہیم قیصر ،طاہر خان محمد گل اور غلام عباس شامل ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store