پیمرا ترمیمی بل پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب فائل فوٹو مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023ءپر گزشتہ ایک سال کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی، تمام اسٹیک ہولڈرز پی ایف یو جے، پی بی اے، ایمنڈ، سی پی این ای اور اے پی این ایس کو آن بورڈ لیا گیا اور ان کی آراءکو بل میں شامل کیا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور میں صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں وزیرِ اطلاعات صحافیوں کو دھمکیاں دیتے تھے، وزیرِ اطلاعات کا منصب سنبھالتے ہی میں نے صحافتی تنظیموں سے مشاورت کی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈس انفارمیشن سے متعلق تاریخ میں پہلی بار قانون سازی ہوئی ہے، پہلی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی میٹنگ 22 اپریل 2022 کو کی گئی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ فیک نیوز میں ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن کی تعریف متعارف کرائی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کئی ممالک کے قوانین کو دیکھ کر بل بنایا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ جو بل پر تنقید کر رہے ہیں یقین سے کہتی ہوں انہوں نے بل نہیں پڑھا، بل میں میڈیا ورکرز کی تنخواہ سمیت تمام حقوق کا تحفظ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافی کی تعریف میں تمام میڈیا ورکر کو شامل کیا گیا ہے، 2 ماہ میں اگر تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی تو اس ادارے کو حکومت بزنس نہیں دے گی۔

 

install suchtv android app on google app store