میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل منظوری کے مراحل میں ہے: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب فائل فوٹو مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل منظوری کے مراحل میں ہے۔

پاکستان میں آسٹریلیا کے سفیر نیل ہاکنز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پہلے ہفتہ کے دوران آزادی اظہار رائے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں پیمرا کے قانون کو بدلا جا رہا ہے، پیمرا اتھارٹی میں صحافتی تنظیموں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ رواں برس بجٹ میں صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پہلی مرتبہ فلم انڈسٹری کے لئے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ ہم سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستانی ثقافت، تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے آسٹریلیا کے سفیر کو نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ حال ہی میں نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے 25 ہائی اچیورز آسٹریلیا روانہ ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے 2 ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا ہے، فلم کے شعبہ میں بہت سی مراعات دی گئی ہیں، حکومت فلم، ڈاکومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی کے شعبہ میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ آسٹریلیا کا میڈیا پاکستان کے حالات کو معروضی اور غیر جانبدارانہ انداز میں رپورٹ کرتا ہے جو لائق تحسین ہے۔

 

 

install suchtv android app on google app store