تاریخ میں پہلی بار پاکستانی کوہ پیما ٹیم نے کے ٹو سر لیا

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے چھ پاکستانی کوہ پیماﺅں نے 8611 میٹر دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کر لیا۔ کے ٹو پر مہم جوئی کی ساٹھ سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کی باقاعدہ کوہ پیما ٹیم نے کے ٹو کی چوٹی پر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔

1954 میں پہلی بار کے ٹو پر کامیاب مہم جوئی کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر اطالوی ادارہ EV-K2-CNR کے تعاون سے 8 رکنی قومی کوہ پیما ٹیم کے چھ ممبران نے آج دوپہر اڑھائی بجے کے ٹو سر کر لیا۔

زرائع کے مطابق ٹیم بدھ کے روز کیمپ تھری پہنچ گئی تھی جہاں سے انہوں نے آج الصبح تقریبا چار بجے چڑھنا شروع کیا، ٹیم میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماﺅں محمد صادق سدپارہ، حسن جان، علی روزی، رحمت اللہ بیگ، علی درانی اور غلام مہدی شامل ہیں۔

ٹیم کا ممبر محمد صادق پاکستان میں موجود 8 ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیاں سر کرنے والے چوتھے پاکستانی کوہ پیما بن گئے ہیں۔ محمد صادق سدپارہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ کے چھوٹے بھائی ہیں۔

ٹیم کی تیکنکی معاونت دو اطالوی کوہ پیما مائیکل کوچی اور سائمون ارگستینو کر رہے تھے۔ کے ٹو پر مہم جوئی کے لیے باقاعدہ ٹیم کی شکل میں پاکستان کی یہ پہلی ایکسپڈیشن ہے۔ اس سے قبل گائیڈ اور ہائی ایلٹٹیوٹ پورٹر کی حیثیت سے گلگت بلتستان کے کئی نامور کوہ پیماﺅں نے غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ کے ٹو کو زیر کر لیا ہے۔

install suchtv android app on google app store