زرداری پر سنگین الزامات: شیخ رشید پر 2 مارچ کو فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

شیخ رشید فائل فوٹو شیخ رشید

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ احمد رشید پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 2 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزامات سے متعلق کیس کی سماعت آج بروز ہفتہ 18 فروری کو اسلام آباد میں ہوئی، شیخ رشید اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر جوڈیشل میجسٹریٹ عمر شبیر نے شیخ رشید کے خلاف مقدمے کی سماعت کی، جس کے دوران اسلام آباد پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی کہ کانفرنس میں شریک ہونا ہے، 15 مارچ کی تاریخ دے دیں۔

تاہم عدالت نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے آرڈرز ہیں، چالان آگیا ہے اس لیے لمبی تاریخ نہیں دے سکتے، ٹرائل شروع ہوجائے تو پھر دیکھ لیں گے۔

شیخ رشید احمد نے عدالت میں تھانہ آبپارہ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کے خلاف قانونی کاروائی کی درخواست پیش کی۔ تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایس ایچ او کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست یہ کہتے ہوئے واپس کردی کہ یہ درخواست سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائیں، میرا اختیار نہیں ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store