عمران خان نے بڑا فیصلہ کر کے حکومت کی سب چالوں کو تہس نہس کر دیا: فیاض الحسن

فیاض الحسن چوہان فائل فوٹو فیاض الحسن چوہان

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے عمران خان کے بیان پر کہا ہے کہ بڑے لیڈر نے بڑا فیصلہ کر کے حکومت کی سب چالوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے نے بونے اور چور ڈاکوؤں کے پاؤں تلے سے زمین کھینچ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات راولپنڈی کی عوام نے اپنے لیڈر کا تاریخی استقبال کیا ہے، لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ عمران خان کا موازنہ ان بونے سیاستدانوں سے نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بچانے کے لیے فوری الیکشن نا گزیر ہے لیکن کرائے کے حکمران الیکشن میں آنے سے بھاگتے ہیں کیونکہ ان کو پتا ہے کہ الیکشن میں انہیں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملنا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں جلسے سے خطاب میں صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ اب ہم نے اس نظام کا حصہ نہ رہنے اور اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی تاریخ کا اعلان پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store