وزیراعظم کا ڈی جی خان میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کرنے کا حکم

وزیراعظم عمران خان فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں کیخلاف ایکشن لینے کا اعلان کرتے ہوئے رینجرز کو ہدایات جاری کردیں۔

لیہ میں عوام کیلئے صحت سہولت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ کے اجراء سے صحت کا نظام بہتر ہوگا، نجی شعبے کی دلچسپی بڑھے گی، نجی شعبے کو اسپتالوں کی تعمیر کےلیے سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں کے خلاف ایکشن لینے کا اعلان کیا اور کہا کہ رینجرز کو اس حوالے سے ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ ڈی جی خان کے قبائلی علاقے کے پولیٹیکل اسسٹنٹ حمزہ سالک کے مطابق لادی گینگ کے کارندے کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں روپوش ہیں جن کی تلاش کیلئے آپریشن گزشتہ روَز سے ہی جاری ہے، قبائلی فورس بارڈر ملٹری پولیس کو پنجاب پولیس اور رینجرز کی مدد بھی حاصل ہے بہت جلد گینگ کا صفایا کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لادی گینگ نے گزشتہ روز تین افراد کو قبائلی علاقے کشوبہ سے اغوا کیا تھا جن میں سے ایک کو اغوا کے دوران فائرنگ کرکے مار دیا تھا، دوسرے کو گینگ سربراہ خدابخش نے تیز دھار آلہ سے جسم کے اعضا کاٹ کر قتل کردیا تھا اور اس دوران اپنے ساتھی سے ویڈیو بھی بنواتا رہا۔

لادی گینگ کے سربراہ نے ویڈیو میں بتایا کہ اس نے اپنے ساتھی ہارون کے قاتلوں کو مار ڈالا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی گینگ کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت کی ہے۔

install suchtv android app on google app store