بلوچستان کے لوگ دشمن کے بہکاوے میں نہ آئیں: لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض سچ ٹی وی اسکرین گریب کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

 کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا ہے کہ گرفتار را کے ایجنٹ کے روابط بلوچ علیحدگی پسندوں سے تھے، کوئی لندن میں تو کوئی جینیوا میں بیٹھ کر استعمال ہو رہا ہے ، بھٹکے ہوئے لوگوں کےلئے پیغام ہے کہ وہ سدھر جائیں، عوام بیرونی سازشوں کو سمجھیں کیونکہ یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے۔

کوئٹہ میں منعقدہ یوم شہداء کی تقریب سے خطاب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا، اس ملک کی تعمیروترقی اور استحکام کے لئے ہم سب نے مل جل کر کام کرنا ہے ، بھٹکے ہوئے لوگوں کے لئے پیغام ہے کہ وہ سدھر جائیں۔ گرفتار را کے ایجنٹ کے روابط بلوچ علیحدگی پسندوں سے تھے، کوئی لندن میں تو کوئی جینیوا میں بیٹھ کر استعمال ہورہاہے ، عوام بیرونی سازشوں کو سمجھیں کیونکہ یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے۔

یہ پڑھیں: بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کا حاضرسروس افسر گرفتار

کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتا کہ بلوچستان ترقی کرے یہاں کے لوگ دشمن کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ کل ہم سب نے دیکھا کہ ”را“ کا حاضر سروس ایجنٹ بلوچستان سے پکڑا گیا جس نے کالعدم تنظیموں سے رابطوں کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ 10 سال میں 60 ہزار لوگوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اس سرزمین کی حفاطت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اس ملک کو بچانے کے لئے شہدا نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی، ہمیں شہداءکی قربانیوں پر فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس کی گرفتاری، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے سول وسیکورٹی اداروں کے 60ہزار لوگوں نے جان کی قربانیاں دی ہیں۔ آج ہم ان کی قربانیوں کی بدولت امن وچین سے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، آپریشن ضرب عضب کے باعث بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

انہوں نے شہداءکے لواحقین کو مخاطب ہوکر کہا کہ بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس ایجنٹ کی گرفتاری ایک اہم پیشرفت ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت بلوچستان کے حالات کی خرابی میں ملوث ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ رابطے میں ہے جو بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

قبل ازیں تقریب میں شہداءکے لئے دعا اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب کے آخر میں، صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی، مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ،کمانڈ سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ،آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن، صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس احسن محبوب نے شہداءکے لواحقین میں اعزازی شیلڈ اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی،مشیراطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل شیرافگن، انسپکٹر جنرل پولیس احسن محبوب،صوبائی سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی، ڈی جی لیویز ہاشم خان غلزئی اور دیگر ملٹری وسول حکام سمیت شہدا کے لواحقین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

install suchtv android app on google app store