کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پرخودکش حملہ، 6 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پرخودکش حملہ، 6 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید سچ ٹی وی اسکرین گریب

سول لائنز ایریا میں منان چوک کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے میں 6 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

کوئٹہ کے سول لائنز ایریا میں منان چوک کے قریب اس وقت زوردار دھماکا ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی، دھماکے کے نتیجے میں 6 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نیتجے میں سیکیورٹی فورسز کی 3 گاڑیاں اور ایک رکشہ بھی تباہ ہوا۔ امدادی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا جب کہ زخمیوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے بھی 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار الحق کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ خودکش حملہ تھا، حملہ آورسائیکل پر سوار تھا اور خود کو سکیورٹی فورسزکی گاڑی سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید ہوئے جب کہ دھماکےمیں 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لایاجائے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔

install suchtv android app on google app store