کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع کیچ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک فائل فوٹو بلوچستان کے ضلع کیچ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کے دوران محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیم پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا، جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق آج تربت کے قریب پسنی روڈ بانک بس ٹرمینل کے قریب آپریشن کے دوران 7 سے 8 مسلح دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ کیا۔

دہشت گردوں نے ایس ایم جی، پستول، دستی بم اور آر پی جی کا استعمال کرتے ہوئے سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ کیا تاہم سی ٹی ڈی عملہ محفوظ رہا۔

سی ٹی ڈی کی ٹیم نے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا، بعد ازاں دہشت گردوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سی ٹی ڈی کی ٹیم نے ان کا تعاقب کیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر دہشتگرد موقع سے فرار ہوگئے۔

دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد کیا گیا جس میں 2 کلاشنکوف، ایک پستول، دستی بم، موٹر سائیکل پر نصب دیسی ساختہ بم، 2 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کرکے قبضے میں لے لیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے چاروں دہشتگردوں کی لاشیں قانونی کاروائی اور شناخت کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچا دیں اور مزید کاروائی شروع کردی۔

 

install suchtv android app on google app store