فضائی آلودگی سے اموات میں بھارت سرفہرست

بھارت میں فضائی آلودگی اتنی زیادہ ہے کہ وہاں ہر سال ہزاروں افراد اس سے ہلاک ہورہے ہیں بھارت میں فضائی آلودگی اتنی زیادہ ہے کہ وہاں ہر سال ہزاروں افراد اس سے ہلاک ہورہے ہیں

بھارت میں اوزون کی فضائی آلودگی اتنی زیادہ ہے کہ اس کی وجہ سے وہاں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک ہورہے ہیں اور یہ تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے۔

اس بات کا انکشاف ’’اسٹیٹ آف گلوبل ایئر 2017‘‘ کی رپورٹ میں کیا گیا ہے جو گزشتہ روز بوسٹن، امریکا میں ماحول اور صحت پر تحقیق کرنے والے بین الاقوامی ادارے ’’ایچ ای آئی‘‘ نے جاری کی ہے۔

یہ رپورٹ 2000 سے زیادہ ماہرین کے عالمی اشتراک سے تیار کی گئی ہے جس میں 195 ممالک، درجنوں اقسام کی فضائی آلودگیوں اور 300 سے زائد بیماریوں کا 25 سالہ احاطہ کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں دنیا بھر کے تمام ممالک میں فضائی آلودگی کی مختلف اقسام اور صحت پر ان کے مضر اثرات کا 25 سالہ جائزہ پیش کیا گیا ہے جو 1990 سے 2015 تک محیط ہے۔

ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر ملک میں فضائی آلودگی بڑھتی جارہی ہے البتہ فضا میں موجود باریک ذرات (پارٹیکولیٹس) اور اوزون کے حوالے سے بھارت دنیا کا دوسرا خطرناک ترین ملک بھی قرار پایا ہے۔

2015 کے دوران ساری دنیا میں اوزون کی فضائی آلودگی اور نتیجتاً پیدا ہونے والے پھیپھڑوں کے امراض سے 2 لاکھ 54 ہزار اموات ہوئیں جن میں سے مجموعی طور پر تقریباً نصف کا تعلق بھارت اور چین سے تھا۔

اوزون کی آلودگی سے مرنے والے بھارتیوں کی تعداد اسی بناء پر پاکستان میں مرنے والوں سے 21 گنا زیادہ جب کہ بنگلا دیش کے مقابلے میں 13 گنا زیادہ رہی۔

تیز رفتار معاشی ترقی کے دعوے کرنے والا بھارت ہر طرح کی آلودگی کے حوالے سے سرِفہرست رہنے والے ملکوں میں شامل ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر بھارت میں آلودگی کم کرنے پر سنجیدہ توجہ نہ دی گئی تو وہ جلد ہی اس میدان میں ساری دنیا کو پیچھے چھوڑ دے گا اور اپنی فضائی آلودگی سے پڑوسی ممالک کو بھی شدید طور پر متاثر کرتا رہے گا۔

نئی دلی میں سینٹر فار سائنس اینڈ اینوائرونمنٹ کی رکن انومیتا رائے چوہدری نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب خود کو جھوٹی تسلیاں دے کر غافل نہیں رہ سکتا کیونکہ فضائی آلودگی کے باعث یہاں بہت سارے لوگ کم عمری میں مررہے ہیں اور بیماریاں بھی بڑھتی جارہی ہیں جب کہ یہ ایسے حالات ہیں جیسے پورے بھارت میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہو لیکن بھارت سرکار اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔

install suchtv android app on google app store