سچے پیار کی تلاش کیلئے مدیحہ امام نے کی منیشا کوئرالا کی مدد

پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی طرح وی جے اور اداکارہ مدیحہ امام بھی بہت بولی وڈ میں ڈیبیو کرتی نظر آئیں گی۔

'دی ویک اینڈ ود مدیحہ' شو کی میزبان بولی وڈ میں فلم ’ڈیئر مایا‘ کے ساتھ قدم رکھنے جارہی ہیں، جس کا پہلا مکمل ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

مدیحہ امام اس فلم میں ایک 16 سالہ لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جس کا نام عینا ہے، وہ اپنی دوست ایرا کے ساتھ مل کر اپنے پڑوس میں رہنے والی ایک بوڑھی عورت (منیشا کوئرالا) کی مدد کرتی ہے جو گزشتہ 20 سالوں سے اس گھر میں موجود ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا کہ عینا اور ایرا 'مایا' نامی اس بوڑھی خاتون کی مدد انہیں خط لکھ کر کرتی ہیں، تاہم بعدازاں مایا ان خطوط کے باعث کہیں کھو جاتی ہیں اور عینا سچے پیار کی تلاش میں مایا کی مدد کرتی ہیں۔

فلم ’ڈیئر مایا‘ کی کہانی دوستی، پیار اور خاندان پر مبنی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ مدیحہ امام نے کہا تھا کہ ’اس فلم کی کہانی دوستی، پیار، خاندان اور زندگی کو بھرپور جینے کے حوالے سے ہے، میں اسے رومانوی یا کامیڈی تو نہیں کہوں گی، میرے خیال سے یہ ایک ڈرامہ فلم ہے جس میں سب کو پیش کیا جائے گا‘۔

اس فلم کی پروڈکشن بیک مائے کیک کمپنی نے کی، جس کی کہانی سنینا بھٹناگر نے لکھی اور انہوں نے ہی اس فلم کی ہدایات بھی دی۔

فلم ’ڈیئر مایا‘ رواں سال 2 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store