اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مقامات پر ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی عائد کردی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مقامات پر ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی عائد کردی فائل فوٹو اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مقامات پر ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی عائد کردی

ویلنٹائن ڈے سے ایک روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اس دن کے عوامی مقامات پر منانے پر پابندی عائد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے شہری عبدالوحید کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار عبد الوحید نے موقف اختیار کیا تھا کہ ویلنٹائن ڈے کے لیے تشہیری مہم جاری ہے، لہذا اس کو روکا جائے کیونکہ یہ اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عوامی مقامات اور سرکاری سطح پر کسی کو ویلنٹائن ڈے منانے کی اجازت نہیں۔

عدالت نے ویلنٹائن ڈے عوامی مقامات پر منانے سے روکتے ہوئے سوشل میڈیا، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر فوری طور پر ویلنٹائن سے متعلق تشہیر روکنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب عدالت نے 10 دن میں وزارت اطلاعات، وفاق، چیئرمین پیمرا اور چیف کمشنر اسلام آباد سے ویلنٹائن ڈے کی مہم کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔

گذشتہ برس بھی صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ویلنٹائن ڈے کی تقریبات پرپابندی عائد کردی گئی تھی۔

کوہاٹ کے ناظم اعلیٰ کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کے نام جاری کیے گئے ایک نوٹیفکیشن میں 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ضلع بھر میں اس دن کی مناسبت سے ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ کوہاٹ کے تمام تھانوں کے انچارج اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع بھر کی دکانوں اور مارکیٹوں میں ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے کارڈز یا دیگر مواد کی خرید و فروخت نہ ہوسکے۔

install suchtv android app on google app store