شیو سینا کی مداخلت، عاطف اسلم کا کنسرٹ منسوخ

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم پاکستانی گلوکار عاطف اسلم

ہندوستانی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی جانب سے سخت مخالفت کے باعث پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا 25 اپریل کو پونے میں ہونے والا کانسرٹ منسوخ کردیا گیا۔

گزشتہ دنوں شیو سینا نے دھمکی دی تھی کہ وہ ہندوستان میں پاکستان کے کسی فنکار کو اپنے فن کا مظاہرہ نہیں کرنے دے گی۔

کنسرٹ کے منتظم سنجے سیٹھی نے ہندوستانی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ہم آرٹ کی دنیا سے تعلق رکھتے ہیں اور ہم اس ایونٹ کو کرنا چاہتے تھے تاہم منسوخی کے پیچھے دی گئی منطق بالکل درست ہے۔ ہم ہمیشہ حب الوطن رہیں گے۔

دکن کرانیکل کی رپورٹ کے مطابق شیو سینا کے ذرائع کاکہنا تھا کہ یہ سرحد پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی اور کشمیری علیحدگی پسندوں کی طرف سے پاکستان کی حمایت کا رد عمل ہے۔

شیوسینا کی شاخ چترپٹ سینا نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی بھی پاکستانی فنکار کو ہندوستان میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے سے روکے گی۔

پونے میں شیوسینا کے سینئر رہنما اجے بھوسلے نے کہا تھا کہ پاکستان ہمارے ملک کی سرحد پر حملہ کر رہا ہے، تو ہم ان کے فنکاروں کا استقبال کیسے کر سکتے ہیں۔

انہوں نے دھمکی دی تھی کہ منتظمین کے لیے یہی بہتر ہوگا کہ وہ پروگرام کو خود ہی منسوخ کر دیں ورنہ ہم پروگرام کا انعقاد نہیں ہونے دیں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب شیو سینا نے پاکستانی فنکاروں کی ہندوستان میں پرفارمنس دکھانے میں مداخلت کی۔

اس سے قبل پاکستانی گلوکار غلام علی اور میکال حسن بینڈ کی پرفارمنس کے خلاف بھی شیو سینا نے مظاہرہ کیا جبکہ یہ جماعت پاکستانی اداکارہ وینا ملک کی 2010 میں بگ باس میں شمولیت کے بھی خلاف رہ چکی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store