شہری نے برقعہ پہن کر پٹرول حاصل کر لیا، سوشل میڈیا پر چرچے

ساتویں روز بھی ملک بھر میں پٹرول کا چرچا رہا۔ سوشل میڈیا پر پٹرول کے ستائے شہری مزے مزے کے چٹکلے چھوڑ کر اپنا غصہ نکالتے رہے۔

پٹرول کا بحران اپنی جگہ لیکن سوشل میڈیا پر اس بحران میں گھرے پاکستانی شہری جس طرح اپنی حس ظرافت کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ بھی کمال ہے۔ شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر نہ صرف حکومت کو کھری کھری سنائیں بلکہ خوب جگتیں بھی کسیں۔ ایک برقعہ پوش نوجوان نے برقعہ پہن کر پٹرول حاصل کرنے کی تصاویر فیس بُک پر پوسٹ کر دیں۔ کئی افراد نوجوان کی ہمت اور طریقہ پر خوب داد دیتے رہے۔

کئی نے اس طریقہ پر عمل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ شہری فیس بُک پر ایک دوسرے سے پوچھتے رہے پٹرول کہاں سے مل رہا ہے؟۔ ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ عمرہ ادا کرنے والے بھائیوں سے گزارش ہے واپسی پر آب زم زم کے ساتھ ایک گیلن پٹرول بھی لیتے آئیں۔ پٹرول کی بوتل اور اس کی حفاظت کیلئے مسلح گارڈ۔

ایک مزے کا کارٹون سارا دن گردش کرتا رہا جس کا کیپشن تھا ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ پٹرول کے بحران سے تنگ آئے ایک شہری نے شعر لگایا کہ ''دور جمہور ہے دیس میں آگیا، بجلی پٹرول کو آسماں کھا گیا''۔

ایک کارٹون میں وزیر تیل وزیراعظم کو کاندھوں پر اٹھائے بھاگتے دکھائی دئیے کیونکہ پروٹوکول کی گاڑیوں میں پٹرول نہیں تھا۔ ایک من چلے نے غالب سے معذرت کے ساتھ کچھ یوں سٹیٹس اپ ڈیٹ کیا، "بدل کر ڈرائیور کا ہم بھیس غالب، تماشائے پٹرول پمپس دیکھتے ہیں"۔

اس موقع پر گدھا چھایا رہا۔ شہری گدھے کی تصویر کو مختلف جملوں کے ساتھ شئیر کرکے اپنی بھڑاس نکالتے رہے۔ گدھے پر سوار پٹرول ڈلوانے والے ایک شہری کی تصویر اگرچہ پاکستان کی نہیں تھی لیکن پاکستان کی موجودہ صورتحال پر پوری اترتی تھی۔

install suchtv android app on google app store