اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس پہلی بار 72 ہزار کی سطح عبور کر گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج فائل فوٹو پاکستان اسٹاک ایکسچینج

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مسلسل جاری ہے ، اچھے مالیاتی نتائج، شرح سود میں ممکنہ کمی اور مثبت معاشی اشاریوں کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں انڈیکس نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔ آج 72 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرنے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر20 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1017 پوائنٹس یا 1.43 فیصد بڑھ کر 72 ہزار 376 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 71 ہزار 359 پر بند ہوا تھا۔

غیرملکیوں کی سیمنٹ بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں خریداری سرگرمیوں سے کاروباری دورانیے میں ایکسچینج میں آج 1017 پوائنٹس کی تیزی آگئی جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 72 ہزار 376 پوائنٹس کی سطح عبور کرلی۔

آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مثبت بات چیت اور سعودی عرب کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں پیش رفت کے دوران سرمایہ کاروں کا مارکیٹ پر اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے نئے ریکارڈز قائم ہو رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ریئل اسٹیٹ میں ٹیکسز میں اضافہ کرتی ہے تو سرمایہ کاروں کا اسٹاک مارکیٹ میں رجحان بڑھے گا اور KSE-100 2025 میں 100k کو عبور کرلے گا۔

یاد رہے کہ 9 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 694 پوائنٹس اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 70 ہزار کی حد عبور کر گیا تھا۔ اس سے ایک روز قبل بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1203 پوائنٹس اضافے کے بعد 69 ہزار پوائنٹس کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

4 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 660 پوائنٹس اضافے کے بعد 68 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اس سے ایک روز قبل (3 اپریل) کے ایس ای-100 انڈیکس 869 پوائنٹس بڑھ کر 67 ہزار 756 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

اسی طرح 28 مارچ 2024 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 594 پوائنٹس اضافے کے بعد 67 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

27 مارچ کو 100 انڈیکس 641 پوائنٹس فیصد اضافے کے بعد 66 ہزار 547 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔ 12 دسمبر 2023 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 66 ہزار 426 پوائنٹس کی بُلند سطح پر پہنچا تھا۔

install suchtv android app on google app store