معیاری تعلیم سے دہشتگردی کو شکست دی جا سکتی ہے، ملالہ یوسفزئی

ملالہ یوسفزئی ملالہ یوسفزئی

پاکستان کی گل مکئی ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے دہشتگردوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔

برطانیہ کے شہربرمنگھم میں سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد اب ضرب قلم کی ضرورت ہے۔

تقریب میں سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے 2 زخمی طالبعلم احمد نواز اور محمد ابراہیم بھی شریک تھے۔

ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا الزام مسلمانوں پر نہیں لگانا چاہیئے، ملک میں تعلیم کے فروغ سے دہشتگردی کی وجوہات ختم کی جا سکتی ہیں۔ گل مکئی نے امریکی صدارت کے خواہشمند ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان کی بھی مذمت کی۔

روایتی سفید شلوار قمیض اورواسکٹ میں ملبوس احمد نواز کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اپنی ٹیچر کو اپنے سامنے جلتے ہوئے دیکھا لیکن ان کی مدد نہ کر سکا۔ احمد نواز نے سانحے سے واپستی تلخ یادیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں چاروں اطراف سے لاشوں میٕں گھرا تھا آج تک خوف سے باہر نہیں آ سکا۔

فائرنگ سے احمد نواز زخمی اور اس کا بھائی شہید ہو گیا تھا۔

سانحہ اے پی ایس میں زخمی ہو کر ہمیشہ کیلئے معذور ہو جانے والا طالبعلم ابراہیم بھی ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب میں شریک تھا۔

install suchtv android app on google app store