افغانستان کے فوجی اڈے پر حملہ، سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی

دھماکہ فائل فوٹو دھماکہ

افغانستان کے صوبہ زابل میں مسلح افراد نے فوجی اڈے پر بھرپور قوت کے ساتھ حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

زابل میں واقع فوجی اڈے کے قریب پہلے کار بم دھماکا ہوا جس کے بعد اطراف میں گھات لگا کر بیٹھے اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک اندھا دھند فائرنگ کی۔

سیکیورٹی فورسز نے مسلح افراد کی پیش قدمی روکنے کے لیے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے بعد علاقہ فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔

جھڑپوں اور دھماکوں کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے دس اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

فوجی اڈے پر ہونے والی کارروائی کی ذمہ داری تاحال کسی مسلح گروپ نے قبول نہیں کی البتہ حکومت نے اس حملے کا ذمہ دار طالبان کو قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے فوجی انخلا کی تاریخ کا اعلان کیا، انہوں نے بتایا تھا کہ فوجیوں کی واپسی کا عمل یکم مئی سے شروع ہوگا اور گیارہ ستمبر تک افغانستان میں تعینات تمام فوجی واپس اپنے ملک آجائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ بیس سال پرانے تنازع اور جنگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل کے بیس سالوں پر نظر رکھ کر اُس حوالے سے ہی حکمتِ عملی مرتب کریں۔

install suchtv android app on google app store