ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس سے متعلق سعودی ائیر لائنز کا بیان جاری

سعودیہ ائیر لائنز فائل فوٹو سعودیہ ائیر لائنز

سعودیہ ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ وہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی، یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودیہ ایئر لائنز نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ایاٹا کے تیار کردہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی۔

ہیلتھ پاس کی آزمائش 19 اپریل سے کوالالمپور تا جدہ روٹ پر شروع ہوگی۔

ڈیجیٹل ٹریول پاس ایک موبائل ایپ ہے جو مسافروں کو آسان اور محفوظ طریقے سے سفری معلومات اور دستاویزات کا اہتمام کرنے میں مدد کرتی ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کسی بھی سرکاری احتیاطی تقاضوں کو پورا کرتی ہے۔

یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔ اس میں ٹیسٹنگ لیبارٹری یا ایئر لائنز کے ساتھ مطلوبہ معلومات کو محفوظ طریقے سے شیئر کرنے کا آپشن شامل ہے۔

ایاٹا کے مطابق صارفین کو اپنے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ خفیہ ہے اور فون پر یہ خفیہ شکل میں ہی محفوظ کیا جاتا ہے۔ اگر ایپ کو ڈیلیٹ کردیا جائے تو صارف کا وہ سب ڈیٹا ہے جو اس میں محفوظ ہے، وہ بھی ڈیلیٹ ہوجائے گا۔

اس ایپ کا مقصد مسافروں کے لیے محفوظ اور منظم سفری تجربے کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے، یہ بین الاقوامی سفر پر محفوظ واپسی کو بھی یقینی بنانے کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو شہری ہوا بازی کے شعبے کی عالمی وبا کے اثرات سے بحالی میں مدد فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

جانچ اور آزمائش کے اس عمل کے دوران ایاٹا اس ایپ کو ایئر لائن نیٹ ورک کے لیے تیارکرنے کا کام کرے گی۔

ریاض سے تعلق رکھنے والے عبداللہ المحسن نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ ایک خوش آئند ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اس ایپ کی باقاعدہ منظوری دے دی جائے گی اور تمام بین الاقوامی پروازوں پر اس کا اطلاق ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس کی مدد سے میرے لیے یہ ثبوت فراہم کرنا ممکن ہو جائے گا کہ میں نے کووڈ 19 ویکسین لگوا رکھی ہے، یوں مجھے اپنا استثنیٰ ثابت کرنے میں آسانی ہوگی۔

ڈیجیٹل پاس کی آزمائش کا سلسلہ 17 مئی تک جاری رہے گا، ایپ استعمال کرنے والے مسافروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاہم اسے ضرورت قرار نہیں دیا گیا۔

آزمائشی مدت کے دوران مسافروں کے لیے سفر کے دوران ایسی روایتی دستاویزات، مطبوعہ یا ڈیجیٹل شکل میں ساتھ رکھنا ضروری ہے جس میں کسی مجاز کلینک کے ذریعہ پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ موجود ہو کیونکہ امیگریشن اور صحت کے حکام اس کا تقاضہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹریول پاس سعودی عرب کے لیے موجودہ سفری یا داخلے کی ضروریات کی جگہ نہیں لیتا جو اگر قابل اطلاق ہو تو کارآمد پاسپورٹ اور ویزا رکھنے پر مشتمل ہے۔

install suchtv android app on google app store