تائیوان میں ٹنل کے اندر ٹرین پٹری سے اتر گئی، 48 افراد ہلاک

تائیوان میں ٹنل کے اندر ٹرین پٹری سے اتر گئی فائل فوٹو تائیوان میں ٹنل کے اندر ٹرین پٹری سے اتر گئی

تائیوان میں مسافر ریل پٹڑی سے اتر کر خوف ناک حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ریل میں 500 افراد سوار تھے اور ٹنل کے اندر پٹڑی سے اتر گئی اور یہ حادثہ دہائیوان میں دہائیوں بعد بدترین حادثہ ہے۔

جائے حادثہ کی تصاویر اور ویڈیوز میں ٹنل کے اندر پھنسے ہوئے مسافروں کو دکھا جا سکتا ہے جہاں امدادی کارکن کام میں مصروف ہیں اور رپورٹ کے مطابق تمام مسافروں کو نکال لیا گیا ہے۔

حادثے کی شکار خاتون نے بتایا کہ حادثے کے وقت تمام مسافر ایک دوسرے پر گرے اور یہ خوف ناک مناظر تھے، جہاں پورے پورے خاندان موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ تائیوان کے مشرقی شہر حوالیئن میں پیش آیا اور ڈرائیور بھی ہلاک ہوا، ریل میں سیاحوں کی بڑی تعداد سوار تھی اور کئی افراد ہفتہ وار چھٹیوں اور آبائی علاقوں میں روایتی ٹومب سویپنگ ڈے کی چھٹیاں منانے جا رہے تھے۔

تائیوان کے میڈیا کا کہنا تھا کہ ریل بھری ہوئی تھی اور کئی مسافر کھڑے تھے۔

مسافر ریل دارالحکومت تائی پے سے جنوب مشرقی شہر ٹیٹنگ جا رہی تھی جو بظاہر ایک ٹرک سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوئی۔

ٹرانسپورٹ کے وزیر لن چیا لونگ نے صحافیوں کو بتایا کہ ریل میں 490 افراد سوار تھے جوابتدائی طور پر فائر حکام کی جانب سے فراہم کی گئی 350 افراد کی فہرست سے زیادہ ہے۔

سرکاری سینٹرل نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ شبہ ہے کہ ٹرک قابو سے باہر ہو کر مسافر ریل کے راستے میں آیا تھا اور پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیا ہے۔

ایک عینی شاہد کا بھی کہنا تھا کہ ہماری ریل ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جو پھسلتے ہوئے آرہا تھا۔

تائیوان میں گزشتہ ماہ دو جنگی طیارے جنوب مشرقی علاقے میں تربیتی مشن کے دوران بظاہر تصادم کے بعد سمندر میں گر کر تباہ اور دونوں پائلٹ بھی ہلاک ہوگئے تھے اور یہ 8 ماہ کے دوران تیسرا حادثہ تھا۔

یاد رہے کہ 2014 میں ایک ڈومیسٹک ٹرانز ایشیا ایئر ویز کا طیارہ تائیوان کے مغربی ساحل کے ایک جزیرے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سول ایروناٹکس ایڈمنسٹریشن کے سربراہ جین شین نے کہا تھا کہ 72 نشتوں کا اے ٹی آر 72، رن وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، طیارے میں عملے کے چار ارکان سمیت 54 افراد سوار تھے۔

install suchtv android app on google app store