سردار پٹیل اسٹیڈیم کا نام بدل کر نریندر مودی اسٹیڈیم رکھے جانے پر حکومت شدید تنقید کی زد میں

مودی فائل فوٹو مودی

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے سردار پٹیل اسٹیڈیم کا نام بدل کر نریندر مودی اسٹیڈیم رکھے جانے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ سچ کتنی خوبصورتی سے خود کو ظاہر کرتا ہے۔ “نریندر مودی اسٹیڈیم۔ اڈانی اینڈ۔ ریلائنس اینڈ۔ جے شاہ کی صدارت میں”! ساتھ ہی راہول گاندھی نے ہیش ٹیگ ہم دو ہمارے دو کا استعمال بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی گجرات میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم موٹیرا کا نام بدل کر نریندر مودی اسٹیڈیم کر دیا گیا ہے، یہ خبر پھیلتے ہی سوشل میڈیا پر مودی حکومت کیخلاف تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھی وزیر اعظم مودی کا نام لیے بغیر ان پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس کے علاہ سردار پٹیل اسٹیڈیم کا نام نریندر مودی اسٹیڈیم کیے جانے کے بعد کانگریس کے کئی دیگر رہنماؤں نے بھی مودی حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ موٹیرا اسٹیڈیم سے سردار پٹیل کا نام ہٹا کر نریندر مودی رکھنا آزادی کے عظیم ہیرو کی بے عزتی ہے۔ ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کی انا اور تکبر کی کوئی تو حد ہوگی مودی جی؟ شرم کیجیے۔

واضح رہے کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے سردار ولبھ بھائی پٹیل بھارت کے ایک سیاسی و سماجی رہنما تھے، بھارت اور دنیا بھر میں انہیں سردار کے نام سے جانا جاتا ہے۔

install suchtv android app on google app store