ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی، حکام نے فیصلہ سنا دیا

ملازمین فائل فوٹو ملازمین

سعودی عرب کے بینکوں میں رقوم کی منتقلی کے نئے نظام کے تحت ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے جس کے باعث ملازمین شش و پنج کا شکار ہیں۔

اس حوالے سے بینکوں کے مابین رقوم کی منتقلی کے نئے نظام سریع کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ نئے نظام میں ملازمین کی تنخواہ کی منتقلی شامل نہیں۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک شہری نے سریع کی انتظامیہ سے دریافت کیا کہ کیا ملازمین کی تنخواہوں کی منتقلی بھی سریع نظام کے ذریعہ ہوگی؟ خاص طور پر ان دنوں میں جب تنخواہ دینے کی تاریخ میں چھٹی کا دن بھی شامل ہو۔

اس پر انتظامیہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیا سریع نظام اس وقت افراد اور اداروں کی رقوم کی منتقلی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعہ تنخواہوں کی منتقلی شامل نہیں تاہم بہت جلد اسے بھی شامل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے مرکزی بینک نے گزشتہ دنوں بینکوں کے درمیان رقوم کی منتقلی کا نیا فوری نظام متعارف کرایا تھا جسے سریع کا نام دیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store