کویت نے بری و بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا

بارڈر فائل فوٹو بارڈر

کویت میں کل سے بری و بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کابینہ نے ریستورانوں میں ڈائن ان سروس پر بھی پابندی عائد کردی۔

کویتی کابینہ نے بدھ 24 فروری سے 20 مارچ تک بری اور بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے سے کارگو آپریشن، سعودی عرب اور کویت کے درمیان تقسیم شدہ علاقے کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے جبکہ بری اور بحری راستوں سے کویتی شہری، ان کے قریبی رشتے داروں اور گھریلو ملازمین واپس آسکیں گے۔

کویتی کابینہ نے وزارت داخلہ اور محکمہ کسٹم کو بری اور بحری سرحدیں بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کی ذمہ داری دی ہے۔

کویتی کابینہ نے ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں ہر طرح کی ٹیبل سروس اور شاپنگ سینٹرز میں کھانے پینے کی اشیا ٹیبل پر فراہم کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

ریستورانوں میں ہوم ڈلیوری سروس پر اکتفا کیا جائے گا، یہ فیصلہ 24 فروری سے غیر معینہ مدت تک نافذ العمل رہے گی۔

کویتی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سربراہی میں مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے رکن وزارت صحت اور محکمہ شہری ہوا بازی ہوں گے۔

یہ کمیٹی کویت آنے والے تمام افراد پر لاگو قرنطینہ کا فیصلہ اپنی نگرانی میں نافذ کروائے گی، باہر سے آنے والوں کے لیے ہوٹلوں میں آئسولیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کویتی کابینہ نے اسپورٹس پبلک اتھارٹی کو وزارت داخلہ و وزیر صحت اور کویتی اولمپک کمیٹی کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے اسپورٹس کے اداروں اور کھلاڑیوں پر مقرر حفظان صحت کے ضوابط نافذ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا ٹاسک دیا ہے۔

install suchtv android app on google app store