بائیڈن کے نامزد وزیر دفاع کا پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کاوشوں کا اعتراف

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن انتظامیہ میں نامزد وزیر دفاع جنرل آسٹن فائل فوٹو نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن انتظامیہ میں نامزد وزیر دفاع جنرل آسٹن

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن انتظامیہ میں نامزد وزیر دفاع جنرل آسٹن نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کاوشوں کا اعتراف کیا ہے۔

امریکی سینیٹ کی آرمز سروسز کمیٹی میں گفتگو کرتے ہوئے نامزد وزیر دفاع جنرل (ر) لائیڈ آسٹن نے کہا کہ افغانستان میں امن عمل کے لیے پاکستان امریکا کا اہم اتحادی رہا ہے، وزیر دفاع بننے کی صورت میں وہ جنوبی ایشیاسے متعلق امریکا کی پالیسی جاری رکھیں گے۔

جنرل آسٹن نےکہا کہ پاکستان جیسے پڑوسی ملک کی حمایت حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے، پاکستان افغان امن عمل میں رکاوٹ بننے والے علاقائی عناصر کو روکنے میں بھی مددگار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج سے تعلقات استوار رکھنے پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

نامزد امریکی وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی سیاسی مفاہمت میں پاکستان اہم کردار ادا کرے گا، القاعدہ ،داعش کو شکست دینے اور علاقائی استحکام کے لیے بھی امریکا کو پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

install suchtv android app on google app store