امریکی نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو جوبائیڈن کی حلف برداری تقریب سے کیوں ہٹایا گیا؟

امریکی نیشنل گارڈ فائل فوٹو امریکی نیشنل گارڈ

امریکی نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری تقریب سے ہٹا دیا گیا۔

امریکی نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو انتہا پسند گروپوں سے تعلقات کے شبے میں جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری سے ہٹا دیا گیا، واضح رہے کہ نو منتخب صدر جو بائیڈن آج صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق اقدام کا مقصد حلف برداری تقریب کو پر امن رکھنا ہے، واضح رہے کہ دائیں بازو کے تعلق رکھنے والے گروہ صدر ٹرمپ کے حامی بھی تصور کیے جاتے ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج اور انٹیلی جینس نے براہ راست اس حوالے سے مؤقف دینے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی حالات کے پیش نظر اہم ذمے داریوں پر تعینات کیے جانے والے افسران اور اہل کاروں کی جانچ پڑتال کے عمل سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں۔

یادرہے کہ 6 جنوری کو کیپٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کے بعد سے انٹیلی جینس اطلاعات کی بنیاد پر ایف بی آر کی جانب سے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری پر تعینات سیکیورٹی اہل کاروں کی کڑی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ آج 77 سالہ جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر بن جائیں گے، صدر ٹرمپ کی رخصتی کے بعد جوبائیڈن آج صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔

حلف برداری کی تقریب کورونا اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محدود ہوگی، تقریب میں ارکان کانگریس اور سابق صدور کی شرکت متوقع ہے، تقریب میں ٹرمپ شریک نہ ہوئے تو ایسا 160 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوگا۔

install suchtv android app on google app store