ٹرمپ نے صدارتی مدت ختم ہونے پر وائٹ ہاوس کو خیرآباد کہہ دیا

ٹرمپ فائل فوٹو ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی مدت ختم ہونے پر وائٹ ہاوس چھوڑ گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور امریکی صدر آج مدت پوری ہو رہی ہے اور وہ نئے صدر جوبائیڈن کی حلف برداری تقریب سے قبل ہی واشنگٹن چھوڑ گئے۔

امریکی صدر نے صدارتی مدت مکمل ہونے پر وائٹ ہاوس میں الوداعی خطاب کیا جس میں انہوں نے سابق ایڈوائزر سمیت 73 افراد کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاوس کو الوداع کہہ کر واشنگٹن سے فلوریڈا کے لیے روانہ ہوگا، وائٹ ہاوس میں صدر کا خصوصی ہیلی کاپٹر انہیں اگلی منزل کی جانب لے جانے کے لیے اڑان بھر گیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ وہ حلف برداری سے چند گھنٹے قبل واشنگٹن چھوڑ جائیں گے۔

حلف برداری میں ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور نائب صدر مائیک پنس شرکت کریں گے جب کہ سابق صدور کی شرکت کا بھی امکان ہے۔

نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری تقریب کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن چیف جسٹس جان رابرٹس سے صدارتی حلف لیں گے جبکہ کاملاہیرس سپریم کورٹ کی جسٹس سونیا سوتو مایر سے نائب صدر کا حلف لیں گی۔

جوبائیڈن کی آج ہونے والی تقریب حلف برداری میں سابق صدور، کانگریس اراکین اور سیلیبریٹیز شرکت کرینگے، جن میں سابق صدور بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش، بارک اوباما شامل ہیں جبکہ امریکی نائب صدر مائیک پنس کی شرکت بھی متوقع ہے، اس کے علاوہ تقریب میں کانگریس کے متعدد اراکین کی شرکت بھی متوقع ہے۔

امریکی نو منتخب صدرجوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں لیڈی گاگا اور جینیفرلوپیز، بروس اسپرینگسٹین، گارتھ بروکس سمیت متعدد سیلیبریٹیز بھی شریک ہونگی۔

امریکا میں روایت ہے کہ جانے والا صدرنو منتخب صدر کی حلف برداری تقریب میں موجود ہوتا ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ ٹرمپ کے بجائے وائٹ ہاؤس کے چیف نئے صدر کا استقبال کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شریک نہ ہوئے تو امریکی تاریخ میں ایک سو ساٹھ سال بعد ایسا ہوگا۔

دوسری جانب امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کرفیو کا سماں ہے، نیشنل گارڈز کے پچیس ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ احتجاج کے پیش نظرکئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور امریکی پارلیمنٹ کو جنگلے لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیشنل گارڈز نے شہر کی اہم سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردی ہیں۔

واشنگٹن کے نیشنل مال سمیت کئی دنوں سے بڑے عوامی پارکس تک رسائی بند ہے، ورجینیا اور کولمبیا کے درمیان راستہ بھی بند کیا ہے، علاوہ ازیں درجنوں سب وے اسٹیشنز بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store