چینی صدر نے نو منتخب امریکی صدر بائیڈن کو ٹیلی گرام کے ذریعے پیغام بھیج دیا

چینی صدر شی جِن پِنگ نے منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ فائل فوٹو چینی صدر شی جِن پِنگ نے منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

چینی صدر شی جِن پِنگ نے منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ کی جانب سے جوبائیڈن کو ٹیلی گرام کے ذریعے بھیجے گئے پیغام میں امیدظاہر کی گئی ہے کہ دونوں ممالک عالمی امن اور ترقی کے لیے کسی تنازع کے بغیر برابری کی سطح پر تعلقات جاری رکھیں گے۔

شی جن پنگ کاکہنا تھاکہ امریکا اور چین کے تعلقات میں مضبوطی اور استحکام دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق نائب چینی صدر وانگ کیشان نے بھی امریکا کی نو منتخب نائب صدرکمالہ ہریس کو مبارکباددی ہے۔

خیال رہےکہ چینی صدر کی جانب سے جوبائیڈن کو مبارکبادکایہ پیغام 2 ہفتوں سے بھی زائد وقت کے بعد دیاگیا ہے جب کہ بہت سے بڑے ممالک جوبائیڈن کو صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارک باد دے چکے ہیں البتہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی پریس بریفنگ میں مبارکباد دے دی تھی۔

خبر ایجنسی کے مطابق 13نومبرکو بہت سے ممالک کے بعد چین کی جانب سے جوبائیڈن کو سرسری طور پر مبارک باد دی گئی تھی جب کہ جوبائیڈن کی فتح پر چینی میڈیا نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔

دوسری جانب روس کی جانب سے بھی اب تک جوبائیڈن کو صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد نہیں دی گئی ہے۔

حالیہ کچھ ماہ کے دوران چین امریکا تعلقات شدید متاثر ہوئے ہیں کیونکہ دونوں عالمی طاقتیں بہت سے معاملات میں آمنے سامنے آئی ہیں جن میں تجارتی جنگ، جاسوسی کے الزامات، انسانی حقوق، میڈیا کی آزادی سمیت ٹیکنالوجی کی دوڑ اور پابندیاں شامل ہیں۔

دونوں ممالک ایک دوسرے پر کورونا وائرس کو نمٹنے کے حوالے سے بھی تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں جب کہ امریکا نے کورونا وبا کے آغاز میں الزام عائد کیا تھاکہ چین نے وائرس سے متلعق شفاف معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ْ

install suchtv android app on google app store