پہلی بارانٹیلی جنس ادارے کی سربراہ خاتون نامزد، جوبائیڈن نے کابینہ کے ابتدائی اراکین کا اعلان کر دیا

 جوبائیڈن فائل فوٹو جوبائیڈن

نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی کابینہ کے ابتدائی ارکان کا اعلان کر دیا۔

جوبائیڈن نے انتھونی بلینکن کو وزیر خارجہ نامزد کر دیا گیا ہے، اور جیک سولیون مشیر برائے قومی سلامتی نامزد کیے گئے ہیں۔

ایلی یاندرو کو سیکریٹری ہوم لینڈ نامزد کیا گیا ہے جو ہوم لینڈ سیکورٹی کے محکمہ کی نگرانی کرنے والے پہلے لاطینی باشندہ ہیں، جب کہ ایورل ہنس کو ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نامزد کیا گیا، جو امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی کی رہنمائی کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔

لنڈا تھامس گرین فیلڈ سفیر برائے اقوام متحدہ، جب کہ سابق وزیر خارجہ جان کیری صدارتی نمائندہ برائے ماحولیات نامزد کیے گئے ہیں۔

مرکزی بینک کی سابق چیئرمین جینٹ یلن کی وزیر خزانہ کے طور پر نامزدگی متوقع ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے اعلان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آ گئی ہے، ڈاؤجونز انڈیکس 327 پوائنٹس اضافے کے بعد 29 ہزار 591 پر بند ہوا۔

ادھر ریاست مشی گن کے الیکشن بورڈ نے بھی جوبائیڈن کی فتح کی تصدیق کر دی ہے، صدر ٹرمپ کی مشی گن میں ووٹنگ آڈٹ کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اقتدار کی منتقلی کے لیے رضا مندی کا اظہار کر دیا ہے، اس سلسلے میں جنرل سروسز انتظامیہ نے نو منتخب صدر جوبائیڈن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ انتظامیہ انتقال اقتدار کے لیے تیار ہے۔

خط کے بعد امریکا میں انتقال اقتدار کا باقاعدہ عمل شروع ہو گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کے بائیڈن انتظامیہ سے رابطے جاری ہیں، بائیڈن انتظامیہ کو لاکھوں ڈالرز کی منتقلی کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے جنرل سروسز انتظامیہ کو طریقہ کار پر عمل کی ہدایت بھی کر دی۔

ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا ہم انتخابات میں فراڈ کے مقدمے کی استقامت سے پیروی کریں گے، یقین ہے ملک کے بہترین مفاد میں ہم موجود رہیں گے، جنگ جاری رہے گی۔ ٹرمپ نے جنرل سروسز انتظامیہ کی سربراہ ایملی مرفی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا ملک کے لیے غیر متزلزل عزم اور وفاداری پر ایملی مرفی کا شکرگزار ہوں، ایملی مرفی کو دھمکیاں دی گئیں اور انھیں ہراساں بھی کیاگیا۔

install suchtv android app on google app store