کویت حکام نے پھنسے ہوئے تارکین وطن کو خوشخبری سنا دی

کویت فائل فوٹو کویت

کویت نے پھنسے ہوئے تارکین وطن کو ورک پرمٹ جاری کرنا شروع کر دیا۔

پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ذرایع کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے غیر ملکی ملازمین کو کویت واپس آنے کی اجازت دینے کے لیے ورک پرمٹ جاری کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرایع کے مطابق ورک پرمٹ جاری کرنے کا یہ قدم کابینہ ہیلتھ کمیٹی کے فیصلے کے عین مطابق ہے، جس کے تحت مالکان کو ضروری غیر ملکی کارکنوں کی فہرست سیکورٹی سے منظوری کے حصول کے لیے وزارت داخلہ کو بھجوانی ہوگی۔

وزارت سے سیکورٹی کی منظوری کے حصول کے بعد پھنسے ہوئے تارکین وطن کارکنوں کو ورک پرمٹ کے اجرا کے لیے کفیل کو پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کو بھی درخواست پیش کرنی ہوگی۔

اس کے بعد کفیل ان دستاویزات کو تارکین وطن کو ان کے ممالک بھجوائیں گے جہاں وہ دیگر ضروری طریقہ کار مکمل کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے سے کرونا وائرس کے بحران کی وجہ سے کویت کے ایئرپورٹ پر پروازوں کی 8 ماہ سے جاری معطلی کا خاتمہ ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تارکین وطن مزدوروں بالخصوص مصری اور شامی شہریوں کے لیے ورک پرمٹ جاری کیے جانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس فیصلے پر سابق ممبر پارلیمنٹ صالح عاشور نے سخت تنقید کی ہے۔

ان کا مؤقف تھا کہ حال ہی میں آبادیاتی ڈھانچے کے معاملے کو حل کرنے کے لیے قانون منظور کیا گیا ہے، یہ فیصلہ اس قانون کے منافی ہے، انھوں نے خبردار کیا کہ جلد ہی حکومت کو اس سلسلے میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

install suchtv android app on google app store