ترک صدر طیب اردوان کے داماد نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ترک صدر کے داماد وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے فائل فوٹو ترک صدر کے داماد وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے

ترک صدر طیب اردوان کے داماد نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ترکی کے وزیر خزانہ اور صدر طیب اردوان کے داماد بیرات البائراک نے ملک کی خراب معاشی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والے دباؤ کے بعد استعفیٰ دیا ہے۔

پانچ سال ترک صدر کی کابینہ میں کام کرنے والے بیرات البائراک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے استعفے کا اعلان کیا جس کی وجہ انہوں نے صحت کی خرابی بتائی۔

بیرات البائراک کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ سیاسی زندگی کے دوران وہ اپنے اہلخانہ سے دور رہے لیکن اب وہ اپنے اہلخانہ کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔

ترک وزارت خزانہ نے وزیر خزانہ بیرات البائراک کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

42 سالہ بیرات البائراک ترک صدر طیب اردوان کی بڑی صاحبزادی کے شوہر ہیں جنہیں 2018 میں وزیر خزانہ بنایا گیا تھا جب کہ اس سے قبل 2015 سے 2018 تک وہ وزیر توانائی تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ترک کرنسی لیرا کی مسلسل تنزلی کے بعد ترک صدر نے مرکزی بینک کے گورنر کو عہدے سے ہٹادیا تھا۔

install suchtv android app on google app store