ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم، 12 افراد جاں بحق

  • اپ ڈیٹ:
ترکی میں زلزلہ فائل فوٹو ترکی میں زلزلہ

بحیرہ ایجیئن میں آنے والے زلزلے میں ترکی اور یونان کے جزیرہ ساموس میں تباہی مچادی اور اب تک 14 افراد کے ہلاک ہونے اور 400 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ترک خبر رساں ایجنسی اناطولو کے مطابق 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ اب تک 12 افراد کے ہلاک اور 400 کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ ترک شہر ازمیر متاثر ہوا جس کی شدت امریکی ریکٹر اسکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے یونان، بلغاریہ اور مصر تک محسوس کیے گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلہ بحیرہ ایجیئن میں آیا جس کے جھٹکے ترکی اور یونان دونوں ممالک کے ساحلی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ شہر کے وسطی علاقے میں ایک عمارت بھی منہدم ہوگئی جبکہ مجموعی طور پر 6 عمارتوں کے گرنے کی اطلاعات ہیں۔ اب تک ملبے تلے دبے 72 افراد کو زندہ نکالا جاچکا ہے۔

ترکی کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ پریزیڈنسی نے زلزلے کی شدت 6.6 بتائی ہے جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شدت 7.0 تھی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر صوبے سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 16 کلو میٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور بتایا ہے۔

زلزلے کے بعد ازمر اور بحیرہ ایجیئن کے ساحل سے متصل علاقوں میں سمندر کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

یونان کے جزیرہ ساموس کے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں کیوں کہ زلزلے کے نتیجے میں اونچی لہریں اٹھنے کا بھی خدشہ ہے۔

یونان کے جزیرہ ساموس میں بھی دو بچوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store