یورپی یونین کی جانب سے عائد ہونے والی نئی پابندیوں پر روس کا سخت ردِ عمل سامنے آگیا

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف فائل فوٹو کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ماسکو یورپی یونین کی نئی پابندیوں کا جواب اس کی زبان میں دے گا جو زبان وہ سمجھتے ہیں۔

کریملن کے ترجمان نے روس پر یورپی یونین کی جانب سے عائد ہونے والی نئی پابندیوں پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ ماسکو اس اقدام کو مسترد کرتا ہے، اس کی کوئی منطق نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماسکو بلاشبہ صورت حال کا جائزہ لے گا تاہم روس کا جواب روسی مفادات کے مطابق ہوگا، اور روس ہر حال میں اپنے مقاصد کی تعمیل کرے گا۔

دمتری پیسکوف نے کہا کہ یورپی یونین نے روس کے خلاف جو نئی پابندیاں لگائی ہیں یہ دانستہ طور پر ایک غیر دوستانہ اقدام ہے، روس اس غیر منطقی پابندیوں کو مسترد کرتا ہے۔

واضح رہے کہ کریملن کے نقاد روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی پر زہر حملے کے بعد یورپی یونین نے روس پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں، اس سلسلے میں پیر کو یوروپی یونین کے وزرائے خارجہ نے لکسمبرگ میں ایک اجلاس میں ضروری تیاریوں کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت کچھ لوگوں پر سفری پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں، اور اقتصادی پابندیاں بھی ان میں شامل ہو سکتی ہیں۔

فن لینڈ کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پابندیوں کی فہرست مرتب کرنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store