متحدہ عرب امارات پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ میں خواتین اہلکاروں کے دستے شامل

دبئی پولیس فائل فوٹو دبئی پولیس

متحدہ عرب امارات کی پولیس میں خواتین اہلکاروں کے دستے کو شامل کرلیا گیا جو بموں کو ناکارہ بنانے کا کام کرے گا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی سمیت بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کا کام اب خواتین اہلکار کریں گی، انہیں اسی کام کے لیے پولیس میں شامل کیا گیا ہے۔

دبئی پولیس کے محکمہ ہنگامی اقدامات اور سیکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر راشد الفالاسی نے بتایا کہ ’عام طور پر بموں کو ناکارہ بنانے کا کام مرد اہلکار کرتے تھے مگر اب یہی کام خواتین اہلکار مہارت کے ساتھ کر کے خود کو ثابت کریں گی‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنی ان اہلکاروں پر فخر ہے جو ہر مشکل میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، دستے میں پانچ خواتین شامل ہیں جن کو 8 ماہ خصوصی تربیت دے کر ماہر بنایا گیا، انہوں نے رواں سال فروری سے ستمبر کے دوران اپنا خصوصی کورس مکمل کیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ یہ دستہ دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل عبدالخلیفہ نے تیار کیا، انہوں نے خواتین اہلکاروں کو مردوں کی طرح ہنگامی حالات سے نمٹنے اور نظم و ضبط کی تربیت بھی دی‘۔

راشد الفالاسی نے بتایا کہ ’خواتین اہلکاروں کا انتخاب اُن کے جذبے اور ہمت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، انہوں نے خصوصی تربیت حاصل کی جس کے تحت وہ داخلی راستوں پر ڈیوٹیاں دیں گی جبکہ اگر کسی عمارت میں بارودی مواد کی اطلاع موصول ہوتی ہیں تو یہی خواتین پہنچ کر اُسے ناکارہ بنائیں گی‘۔

install suchtv android app on google app store