عمرہ و زیارت کے مرحلہ وار بحالی کی تفصیلات جاری، سعودی وزیر حج و عمرہ نے اہم خبر سنادی

سعودی وزیر حج و عمرہ فائل فوٹو سعودی وزیر حج و عمرہ

سعودی وزیر حج و عمرہ نے آئندہ مرحلے میں عمرہ و زیارت کے مرحلہ وار بحالی کی تفصیلات جاری کردیں۔

عمرہ فورم میں گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ سعودی عرب حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کے ساتھ عمرہ بتدریج بحال کرنے والا ہے۔

وزیر حج و عمرہ کے مطابق آئندہ مرحلے میں عمرہ کی کارروائی کے سلسلسلے میں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائے گا تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اندرون اور بیرون ملک عمرہ پیکیج جدید شکل میں متعارف کراسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ’وزارت ایک ایپ جاری کرے گی، عمرہ کے خواہشمند افراد اس کے ذریعے اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئےعمرہ ادا کرنے کی تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے۔

عمرہ کمپنیاں اور ادارے اس حوالے سے اندرون ملک اور باہر سے عمرے کے لیے آنے والوں کو اپنی خدمات پیش کریں گی۔

وزیر حج نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30 سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیاں آن لائن اپنی خدمات پیش کریں گی اور عمرے پر آنے والوں سے رابطے میں رہیں گی، پہلی تبدیلی اندرون و بیرون ملک سے مسجد نبوی کے زائرین کے حوالے سے کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت حج، عمرہ کمپنیوں اور کارکنان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، اس مرحلے میں ان کے ساتھ ہے اور ادارہ جاتی تبدیلی کے مرحلے میں بھی ان کے ساتھ ہوگی تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے طاقتور اقتصادی گروپ کے طور پرابھریں اور اعلی معیاری خدمات فراہم کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیاں اندرون ملک سے عمرہ کرنے والے سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں، جی سی سی ممالک اور دنیا بھر کے عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے اپنی توانیاں وقف کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 2030 تک سالانہ تین کروڑ عمرہ زائرین کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store