لبنان: بیروت دھماکے کے حوالے سے اسرائیل کا اہم بیان سامنے آگیا

بیروت دھماکہ فائل فوٹو بیروت دھماکہ

بیروت دھماکے کے حوالے سے اسرائیل کا اہم بیان سامنے آگیا۔ اسرائیل نے بیروت میں ہونے والے ہولناک دھماکے میں کسی بھی طرح ملوث ہونے کی تردید کردی۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے بندرگاہی علاقے میں واقع گودام میں خوفناک دھماکوں میں متعدد افراد کے ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہونے کے واقعے پر اسرائیل نے کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کے عنصر سے انکار کردیا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے ملکی ٹیلی ویژن سے گفتگو میں بیروت دھماکے کو حادثہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ قوی امکان یہی ہے کہ حادثاتی طور پر آگ لگنے سے دھماکا ہوا ہے۔

ایک اور اسرائیلی آفیشل نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ بیروت دھماکے میں اسرائیل کا کوئی ہاتھ نہیں اور نہ ہی اسرائیل نے ایسا کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کی حالیہ دنوں میں کشیدگی عروج پر پہنچ چکی ہے اور متنازع علاقوں میں حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز میں جھڑپیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

دوسری جانب لبنانی وزیراعظم نے افسوسناک سانحے میں قیمتی جانی نقصان پر بدھ کے روز قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store