وزٹ ویزہ کی اقامہ میں تبدیلی ممکن؟ سعودی حکام نے اہم بیان جاری کردیا، جانیے تفصیلات

شاہ سلمان فائل فوٹو شاہ سلمان

سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسی کوئی صورت نہیں کہ قانونی طور پر وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے اقامہ حاصل کیا جائے، وزٹ ویزے کو اقامہ میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی صورت نہیں کہ قانونی طور پر وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے اقامہ حاصل کیا جائے کیونکہ امیگریشن قوانین میں ایسی کوئی شق نہیں کہ وزٹ ویزے کو اقامہ میں تبدیل کیا جا سکے۔

یہ وضاحت غیر ملکی افراد کے سوالوں کے جواب میں کی گئی ہے جس میں غیر ملکیوں نے دریافت کیا ہے کہ انہوں نے اپنے آبائی ممالک سے اپنے اہلخانہ میں سے کسی شخص کو وزٹ ویزے پر بلایا، تاہم اب حالات کی خرابی کے باعث وہ انہیں مستقل یہیں رکھنا چاہتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی غیر ملکی کا اقامہ گم ہوگیا ہے تو اسے 24 گھنٹے کے اندر گمشدگی رپورٹ درج کروانی ہوگی وگرنہ 1 ہزار ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں رہائشی پرمٹ کے لیے اقامہ جاری کیا جاتا ہے جو اس امر کا ثبوت ہے کہ آپ قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں، اقامہ وہ دستاویز ہے جسے گھر سے باہر جاتے وقت ساتھ رکھنا چاہیئے کیونکہ بعض اوقات چیکنگ کے دوران تفتیشی اہلکار اقامہ طلب کرتے ہیں۔

اگر مذکورہ شخص کے پاس اقامہ نہیں ہوگا تو اسے قانونی خلاف ورزی میں شمار کرتے ہوئے اسے ڈیپوٹیشن سینٹر بھیج دیا جاتا ہے، علاوہ ازیں اقامہ نہ ہونے پر جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

install suchtv android app on google app store