میکسیکن فوجیوں نے تیز رفتار تعاقب کے دوران مجرم گروہ کو کیسے ٹھکانے لگایا؟ جانیے اس خبر میں

میکسیکن فوجی فائل فوٹو میکسیکن فوجی

شمالی امریکی ملک میکسیکو میں جمعے کے روز ایک فوجی کانوائے پر حملہ کرنے والے مسلح گروہ کو میکسیکن فوجیوں نے کس طرح ہلاک کیا، اس کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں مقابلے کے ڈرامائی لمحات دیکھے جا سکتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکن فوج کی جانب سے قاتلوں کے ایک مسلح گروہ کے ساتھ ہونے والے مقابلے کی ایک حیرت انگیز ویڈیو جاری کی گئی ہے، اس ویڈیو میں وہ ڈرامائی لمحات دیکھنے کو ملتے ہیں جب میکسیکو کے فوجیوں نے فرار ہوتے ہٹ اسکواڈ کارٹیل کا نہایت تیزر رفتاری سے تعاقب کرتے ہوئے بکتر بند کی چھت پر سے ان پر گولیاں برسائیں۔

یہ واقعہ گزشتہ جمعہ کی صبح کو اس وقت پیش آیا جب 16 ویں موٹرائزڈ کیولری کے قافلے پر بدنام زمانہ ہِٹ اسکواڈ ٹروپا ڈیل انفرنو (جہنم کا گینگ) نے میکسیکو کی ریاست ٹامولیپس کے شہر نیوو لاریڈو میں حملہ کیا اور پھر فرار ہونے کی کوشش کی، بتایا گیا ہے کہ اس ہٹ اسکواڈ کا تعلق شمالی مشرقی میکسیکو کے بڑے جرائم پیشہ گروہ ڈیل نورسٹ سے تھا۔

میکسیکن فوج کا کہنا تھا کہ اس مقابلے میں ‘جہنمی گروہ’ کے کم از کم 16 ممبر ہلاک ہوئے، جب کہ کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

فوج کا کہنا تھا کہ وہ امریکا اور میکسیکو کو ملانے والے بین الاقوامی حوریز لنکن پُل سے دس میل دوری پر فریسنوس کے علاقے کی نگرانی کر رہے تھے، جب مسلح گینگ نے ان پر فوجی ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کر دیا۔

فوجیوں نے گینگ کے پک اپ ٹرک کا تیز رفتار تعاقب کرتے ہوئے حملے کا جواب دیا، اس دوران سڑک پر دیگر گاڑیاں بھی گزرتی رہیں، فوج کی بکتر بند گاڑی کی چھت پر دو دھاتی حفاظتی پینلز کے مابین رکھی گئی ایک اسالٹ رائفل نے مسلح گروہ پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ تعاقب کے دوران ایک موقع پر ‘جہنمی گروہ’ نے اچانک ہائی وے پر یو ٹرن بھی لے لیا۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی گردش کر رہی ہے جس میں جہنمی گروہ کے ارکان سڑک پر مرے ہوئے پڑے ہیں، اور ان کے جسموں پر فوجی لباس ہے۔ چند اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر لیک ہوئیں جن میں کارٹیل کے 12 ارکان کی لاشیں ایک پک اپ ٹرک کے پیچھے پڑی نظر آتی ہیں۔

فوجی حکام کا کہنا تھا کہ اس جنگ جیسے مقابلے میں کوئی اہل کار زخمی نہیں ہوا، تاہم تین ملٹری گاڑیوں کو حملے کے دوران نقصان پہنچا۔ مسلح قاتل گروہ سے فوجیوں نے 12 اسالٹ رائفلز ، 2 بیریٹ رائفلز، 50 کیلیبر اسنائپر رائفلز اور 8 عدد AR-15 رائفلز قبضے میں لیے۔

میکسیکو کا گروہ ڈیل نورسٹ کا قیام 2014 میں عمل میں آیا تھا جو اس وقت کی طاقت ور جرائم پیشہ تنظیم لاس زیٹس کے تحت تھا، اس تنظیم کی جڑیں میکسیکو کے کئی شہروں میں پھیلی ہوئی ہیں، اور اس کے سرغنہ جوآن گیرارڈو شاویز کے سر کی قیمت 1 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔

install suchtv android app on google app store