دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو دبئی حکومت نے بڑی خبر سنادی، جانیے تفصیلات

دبئی فائل فوٹو دبئی

دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو دبئی حکومت نے خوشخبری سنادی، محکمہ سیاحت کی جانب سے آج بروز منگل سے دبئی کو سیاحت کیلئے کھول دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی محکمہ سیاحت نے کہا ہے کہ منگل 7 جولائی سے ریاست میں سیاحوں کو خوش آمدید کہا جائے گا، سیاحوں پر عمر کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی محکمہ سیاحت نے دبئی سفر کے حوالے سے 4 قواعد و ضوابط کا اعلان کیا ہے, سیاح کو سفر سے قبل یہ چیک کرانا ہوگا کہ آیا اسے دبئی کا ویزا لینا ضروری ہے یا نہیں، دبئی آمد ورفت کی بکنگ کرانی ہوگی۔

کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی صورت میں اس کے اخراجات ادا کرنا ہوں گے، سفر سے 96 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا بھی لازمی ہوگا۔

دبئی محکمہ سیاحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ دبئی پہنچنے پر پی سی آر کی سہولت مہیا ہوگی البتہ دبئی آنے پر یہ ٹیسٹ کرانے کی صورت میں سیاح کو اس کا رزلٹ آنے تک خود کو آئسولیٹ کرنا ہوگا۔

محکمہ سیاحت کے مطابق اگر پی سی آر کا رزلٹ منفی آیا تو ایسی صورت میں سیاح ہوٹل سے نکل کر گھوم پھر سکتا ہے لیکن ٹیسٹ پوزیٹو آیا تو اسے ایسی صورت میں دبئی محکمہ صحت کے ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے خود کو ہاؤس آئسولیشن میں رکھنا ہوگا۔

دبئی جانے والوں کو سفر سے قبل میڈیکل فارم پر کرنا ہوگا اور قرنطینہ کی پابندی کا اقرار نامہ بھی پیش کرنا ہوگا، واضح رہے کہ امارات ایئر اور فلائی دبئی اب تک 76 شہروں کے لیے پروازوں کا اعلان کرچکی ہیں۔ امارات ایئر52 اور فلائی دبئی 24 شہروں کو معمول کی پروازوں میں شامل کیے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ بحرین، قاہرہ، تیونس، بیروت، خرطوم، عمان اور سکندریہ 7 عرب شہر بھی امارات اور فلائی دبئی کی پروازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

install suchtv android app on google app store