سعودی محکمہِ پاسپورٹ نے فائنل ایگزٹ منسوخ کروانے کا آسان طریقہ متعارف کروادیا، جانیے تفصیلات

سعودی عرب فائل فوٹو سعودی عرب

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے تارکین وطن کے فائنل ایگزٹ منسوخ کروانے کا طریقہ بتا دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) کی منسوخی کے لیے اقامے کا مؤثر ہونا ضروری ہے۔ اگر فائنل ایگزٹ لینے کے 60 روز کے اندر سفر نہ کیا گیا تو ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ کے مطابق ان دنوں ایسے ہزاروں غیرملکی سعودی عرب کے مختلف صوبوں، کمشنریوں اور تحصیلوں میں پھنسے ہوئے ہیں جنہوں نے خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) لگوا لیا تھا تاہم بین الاقوامی پروازوں پر پابندی سمیت مختلف اسباب کے پیش نظر وہ سفر نہیں کر سکے۔

محکمہ پاسپورٹ کے مطابق فائنل ایگزٹ لگنے کے 60 روز کے اندر سفر کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اگر کسی شخص نے فائنل ایگزٹ لگوا کر ساٹھ روز کے اندر سفر نہ کیا تو اس پر جرمانہ عائد ہوگا۔

محکمہ پاسپورٹ نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص فائنل ایگزٹ لگوانے کے بعد اسے منسوخ کروانا چا ہے تو ایسا ممکن ہے تاہم یہ اسی وقت ممکن ہوسکے گا جب فائنل ایگزٹ منسوخ کرانے کا امیدوار مؤثر اقامہ ہولڈر ہو، اس کے بغیر فائنل ایگزٹ کی منسوخی کی کارروائی نہیں ہوسکے گی۔

یاد رہے کہ تارکین ویزے کے مؤثر ہونے کا پتہ آن لائن لگا سکتے ہیں، ابشر یا مقیم کے ذریعے فائنل ایگزٹ منسوخ کرائے جا سکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store