کورونا کے نقصانات سے نکالنے کے لیے مزید ذمہ داریاں سنبھالنے کوتیار، جرمنی

 جرمن چانسلر انگیلا مرکل فائل فوٹو جرمن چانسلر انگیلا مرکل

جرمن چانسلر انگیلا مرکل نے یورپی ممالک کے لیے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی ان کی مالی معاونت اب بھی کر سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگیلا مرکل نے کہا ہے کہ جرمنی یورپی یونین کو کورونا کے نقصانات سے نکالنے کے لیے مزید ذمہ داریاں اٹھا سکتا ہے، جرمنی مستحکم ہے اور دیگر ممالک کو مالی معاونت فراہم کر سکتا ہے۔

جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی شش ماہی صدارت یکم جولائی سے جرمنی کے پاس ہوگی۔ جرمن وزیر خاجہ ہائیکوماس کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر کی روک تھام کے لیے یورپی یونین کی سرحدیں دوبارہ بند کی جا سکتی ہیں، جس کا فیصلہ یورپی یونین میں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دو دن قبل انگیلا مرکل نے ایک انٹرویو میں برطانیہ کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب برطانیہ کو یورپی یونین سے کمزور تعلقات کے نتائج کے ساتھ زندگی گزارنی ہوگی۔

واضح رہے کہ کورونا وبا سے تباہ شدہ معیشت کی بحالی کے لیے یورپی یونین کے رکن ممالک نے ایک دوسرے کے لیے اپنی سرحدیں 15 جون سے کھول دی تھیں، جرمنی کی جانب سے بھی شہریوں کو 27 يورپی ممالک میں سفر کی اجازت دی گئی۔

تاہم یورپین ممالک کی جانب سے سفری پابندیاں ختم کرنے کے اعلان کے باوجود اسپين، فن لينڈ، ناروے اورسويڈن کے لیے سفری انتباہ موجود ہے۔

subscribe YT Channel install suchtv android app on google app store