بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 116 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی، افسوس ناک خبر آگئی

آسمانی بجلی فائل فوٹو آسمانی بجلی

بھارت میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 116 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلی نے قیامت ڈھا دی، مون سون بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک سوسولہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

ریاست بہار میں بجلی گرنے سے 92 اور اتر پردیش میں 24 افراد ہلاک ہوئے ، بہار کے وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں میں آسمانی بجلی گرنے سے یہ سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم سے تعلق رکھنے والے سجن کمار نے بتایا جمعہ کی صبح تک بہار سے اب تک مجموعی طور پر 92 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے ، تاہم ابھی تک زخمیوں کی تعداد اور نقصانات کا اندازہ نہیں کرسکے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

امدادی کمشنر کے دفتر کے پروجیکٹ منیجر محمد عارف نے کہا ریاست اتر پردیش میں ، آسمانی بجلی کی وجہ سے 24 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔

بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے جانوں کے ضیاع کو ”افسوسناک“ قرار دیتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو چار لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا پے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم کی جانب سے جاری بیان میں موجودہ خراب موسم کے دوران عوام کو چوکس رہنے اور حکام کے جاری کردہ مشوروں اور ہدایتوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے جمعرات کے روز بہار اور دیگر شمالی اور شمال مشرقی ریاستوں میں بجلی کے طوفان کی پیش گوئی کی تھی اور آنے والے دنوں میں طوفانوں کے مشرق کی طرف بڑھنے کی توقع ہے۔

یاد رہے 2018 میں بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں صرف 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار سے زائد آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے۔

install suchtv android app on google app store