کورونا وائرس: سعودی عرب میں کرفیو کی خلاف ورزیاں، پولیس بھی حرکت میں آگئی

سعودی پولیس فائل فوٹو سعودی پولیس

سعودی پولیس نے کورونا کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے ایسے 18 افراد کو گرفتار کیا ہے جو ایک تقریب میں شریک تھے، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر فوری ایکشن لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مکہ پولیس نے تقریبات میں شرکت پر پابندی کی خلاف ورزی پر 18 سعودی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس کے ترجمان محمد الغامدی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک وائرل وڈیو میں موجود 18 سعودی شہریوں کو تلاش کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے ان افراد نے کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کرفیو کی خلاف ورزی کی تھی۔

مذکورہ ملزمان نے پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع کی پابندی کے برخلاف کھلے مقام پر جمع ہو کر اپنی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے مکہ مکرمہ میں چوبیس گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات بھی دیئے جا رہے ہیں، اس کے باوجود ان افراد نے قانون کی صریح خلاف ورزی کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق مقامی شہریوں نے جو عمر کے دوسرے اور تیسرے عشرے میں ہیں کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑی تقریب کا انعقاد کیا اور کھلے مقام پر جمع ہوئے تھے، گرفتار ہونے والے تمام شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store