کابل میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی، افسوس ناک خبر آگئی

کابل دھماکہ فائل فوٹو کابل دھماکہ

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور نے کابل میں واقع افغان اسپیشل فورسز کے کیمپ کے باہر خود کو دھماکے سے اڑایا، جس وقت دھماکا ہوا عوام کی بڑی تعداد وہاں پر جمع تھی۔

رپورٹ کے مطابق حملہ آورز کیمپ کا مرکزی دروازہ کھلنے کے انتظار میں تھا مگر وہ کیمپ میں‌ داخل ہونے میں‌ کامیاب نہ ہوسکا، حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں عوام اور فورسز کے اہلکار شامل ہیں۔

افغان وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں دھماکے کا الزام طالبان پر عائد کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک روز قبل ہی وزیرداخلہ اور امریکی فوجی کمانڈر نے مذکورہ کیمپ کا دورہ کیا تھا۔

دوسری جانب طالبان یا کسی بھی گروپ نے خود کش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق امریکا اور طالبان میں امن معاہدے اور افغان حکومت اور طالبان میں قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے کا آغاز ہونے کے بعد حملوں میں کمی آئی ہے اور کئی ہفتوں کے بعد یہ پہلا خودکش دھماکا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل امریکا نے کرونا وائرس کے پیش نظر افغانستان میں مسلح جدوجہد کرنے والے تمام متحرک گروپوں سے جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔

install suchtv android app on google app store