کورونا وائرس: سعودی وزارت صحت کا اہم بیان سامنے آگیا

سعودی وزیر صحت فائل فوٹو سعودی وزیر صحت

سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا کا بحران ختم ہوجانے کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ وائرس موسمی بن جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر العبد العالی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا بحران ختم ہوجانے کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ وائرس موسمی بن جائے گا۔

ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ گھر میں محدود رہنے کے علاوہ بحران کے دوران لوگوں نے معاشرتی فاصلہ اور صفائی کے جن طور طریقوں کو اپنایا ہے انہیں جاری رہنا چاہئے۔

ڈاکٹر العبد العالی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ وائرس کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے، یہ سازگار ماحول پاتے ہی لوگوں کو دوبارہ شکار کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 154 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی طور پر مملکت میں وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 1453 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق آج مزید 154 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سب سے زیادہ مکہ مکرمہ میں ہیں جن کی تعداد 40 ہے۔

وزارت صحت کے مطابق 49 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے ساتھ ہی وبائی مرض سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 115 تک ہو چکی ہے۔

install suchtv android app on google app store