دنیائے کرکٹ سے بری خبر، اہم کھلاڑی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا

سابق کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار فائل فوٹو سابق کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار

دنیائے کرکٹ کا بڑا نام وائرس کا شکار ہو گیا، کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت اور ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے سابق آف اسپنر ماجد حق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ان کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

ماجد حق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میری نظریں گھر واپسی پر مرکوز ہیں، پیسلے میں ہسپتال کا عملہ بہت اچھا تھا اور میں ان سب کا شکر گزار ہیں جنہوں نے مجھے میسیجز کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انشااللہ میں مکمل صحتیاب ہو کر واپسی کروں گا۔

برطانوی حکومت کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں اب تک 266کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ انگلینڈ میں اب تک 3ہزار 269افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

54 ون ڈے اور 21 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے ماجد حق نے آخری مرتبہ 2015 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

انہیں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 60 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل تھا لیکن 2019 میں سفیان شریف نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا تھا۔

کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اسکاٹ لینڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہیں۔

کورونا کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد دنیا بھر کے متعدد نامور کرکٹر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گوشہ تنہائی میں چلے گئے ہیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

install suchtv android app on google app store